5 اگست 2019 کو اٹھایا گیا بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے:بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی وسابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بھارت مظلوم کشمیریوں کی جدوجہدِ حق خودارادیت کو دبانے میں مکمل طور ناکام ہو چکا ہے ،5 اگست 2019 کو اٹھایا گیا بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے جاری اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جبر و بربریت کے سارے ہتھکنڈے آزما چکا، بھارت مظلوم کشمیریوں کی جدوجہدِ حق خودارادیت کو دبانے میں مکمل طور ناکام ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور 35اے کی منسوخی کے ذریعے دنیا کو پیغام دیا گیا کہ بھارت ریاستی ظلم و استبداد پر یقین رکھتا ہے، بھارت کے مذکورہ اقدام کا مقصد مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو اٹھایا گیا بھارتی قدم اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، پیپلز پارٹی تمام عالمی فورمز پر کشمیری عوام کے حقوق کی وکالت کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو فورا روکے،عالمی برادری موثر اقدام اٹھائے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرے جیسا اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں میں درج ہے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم کشمیری عوام کے عزم اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کشمیری عوام کی جدوجہد انصاف، وقار اور آزادی کی جدوجہد ہے،آئیے، جبر اور استحصال سے پاک، روشن مستقبل کی تلاش میں کشمیریوں کے ہاتھ میں ہاتھ دیں۔

ای پیپر دی نیشن