پاکستانی قبائلی علاقوں میں مزید میزائل حملوں کی اجازت افغان پالیسی سے ہٹ کر دی گئی‘ امریکی اخبار

Dec 05, 2009

سفیر یاؤ جنگ
نیویارک (نمائندہ خصوصی+ اے ایف پی+ مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی حکومت نے سی آئی اے کو پاکستان کے قبائلی علاقوں میں مزید ڈرون حملے کرنے کی اجازت دے دی ہے ’’نیویارک ٹائمز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہائوس نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون طیاروں سے مزید میزائل حملوں کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔ یہ منصوبہ سی آئی اے نے پیش کیا تھا۔ اخبار نے کسی اہلکار کا نام ظاہر کئے بغیر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ اجازت امریکی صدر اوباما کی نئی افغان پالیسی کے اعلان سے ہٹ کر دی گئی ہے۔ اخبار کے مطابق متعدد امریکی اہلکار پاکستانی حکام سے بلوچستان میں ممکنہ ڈرون حملوں کے بارے میں بھی مذاکرات کر رہے ہیں۔ اخبار کے مطابق ڈرون حملوں کے خلاف پاکستانی حکام کے بیانات کے باوجود حکومت ان طیاروں کو بلوچستان کے ایک ہوائی اڈے سے اڑنے کی نہ صرف اجازت دیتی ہے بلکہ امریکی فوج کے ساتھ ممکنہ نشانوں پر معلومات کا تبادلہ بھی کرتی ہے۔ سابق امریکی صدر جارج بش کے مقابلے میں اوباما کے آنے کے بعد قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں میں پہلے سے زیادہ تیزی آ چکی ہے۔
مزیدخبریں