حاصل پور (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن پر قابو پائے بغیر مہنگائی اور غربت کا خاتمہ نہیں کیا جا سکتا ملک میں جمہوریت کیلئے قربانیاں اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والوں کو ان کا جائز مقام دیا جائےگا۔ اپنی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) حاصل پور کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ مشرف کے دور آمریت میں ترقیاتی کاموں کے نام پر کرپشن اور اقربا پروری کا بازار گرم کیا گیا۔ مارشل لاءکی وجہ سے ہمیشہ ملک و قوم کو نقصان پہنچا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کی حکومت نہیں گرانا چاہتی ہم چاہتے ہیں حکمران اپنی پالیسی پر نظر ثانی کر کے عوام کو ریلیف دےں مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت خاموش ہے‘ ہماری حکومت ہوتی تو آج پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوتا۔ ملک میں بجلی نہیں لیکن پھر بھی مہنگی کی جارہی ہے۔ ہر روز نئے ٹیکس لگائے جارہے ہیں اب عوام پر ریفارمڈ جی ایس ٹی کا ڈرون حملہ کیا جا رہا ہے۔ غریب مزید غریب تر ہو رہے ہیں۔ ملک کو آئین اور قانون کے راستے سے دور رکھا گیا ہے۔ ہم نے میثاق جمہوریت پر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے ساتھ مل کر دستخط کئے لیکن آصف علی زرداری نے اس پر عمل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھیک مانگنے والا ملک اور حکومت قبول نہیں اقتدار میں آکر کشکول توڑیں گے اور ملک کو پاﺅں پر کھڑا کرنے کی کوشش کریں گے۔
نوازشریف
نوازشریف