ملک بھرمیں شہدائےکربلا کی یاد میں نومحرم الحرام پرشبیہ ذوالجناح اورعزاداری کےدرجنوں جلوس برآمد ہوئے۔

Dec 05, 2011 | 21:51

سفیر یاؤ جنگ
لاہور میں نومحرم الحرام کا مرکزی جلوس آج پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مغربین سے پہلے خیمہ سادات میں اختتام پذیرہوگیا۔ اس کے علاوہ کئی چھوٹے بڑے جلوس شادمان، شاہدرہ، اقبال ٹاؤن، سمن آباد اور فیروزپورروڈ سے نکالے گئے، جلوس کے شرکاء نے ماتم اورنوحہ خوانی بھی کی۔ شہرمیں امن ومان برقراررکھنے کے لیے آج اور کل ڈبل سواری پر پابندی لگادی گئی ہے۔ ادھرکراچی میں مرکزی جلوس شہر کے مختلف علاقوں سے گذرتا ہوا ایم اے جناح روڈ پہنچا جہاں عزادارن نے امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کی۔ جلوس ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ، صدر اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادرمیں اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس کے راستے میں کلوزسرکٹ کیمرے نصب جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکٹر جی سکس میں واقع مرکزی امام بارگاہ سے نو محرم کا جلوس برٓامد ہوا۔ سیکیورٹی کے پیش نظرجلوس کے راستوں کو قناتیں لگا کر بند کیا گیا تھا جبکہ داخلی راستے پر تین واک تھرو گیٹ لگا کر اسلام آباد پولیس لیڈیز کمانڈوز اور پاک سکاؤٹس کو تعینات کیا گیا۔ کمالیہ میں نو محرم الحرام کا جلوس محلہ فاضل دیوان سے مرکزی امام بارگاہ پہنچ کراختتام پذیرہوا۔ عزاداروں نے جلوس میں زنجیرزنی اورنوحہ خوانی کی۔ منڈی بہاؤالدین میں نویں محرم کے چھوٹے بڑے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے محلہ صوفی پورہ پہنچے جس کے بعد پیرسید بگھے شاہ کی حویلی سے مرکزی جلوس برآمد ہوا، امن وامان کویقینی بنانے کے لیے نویں اوردسویں محرام الحرام تک ضلع میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی۔ ادھرڈیرہ اسماعیل خان میں نویں محرم الحرام کا جلوس امام بارگاہ تھلہ بموں سے برآمد ہوکراپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ حضرت علی پراختتام پذیر ہوا۔ جلوسوں اورمجالس کی سیکیورٹی کے لیے پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے فرائض سرانجام دیئے جبکہ دو روز کے لیے موبائل فون سروس بھی معطل کردی گئی۔
مزیدخبریں