کراچی + فیصل آباد (ایجنسیاں + نمائندہ خصوصی) عالمی چیمپیئن محمد آصف ورلڈ سنوکر چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ محمد آصف نے بلغاریہ میں منعقدہ ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں برطانوی کیوئسٹ کو سخت مقابلہ کے بعد ہرا کر عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ منگل کی صبح محمد آصف براستہ دوحہ نجی ایئر لائن کے ذریعے وطن واپس پہنچے تو کھلاڑیوں اور مداحوں نے قومی ہیرو کا شاندار استقبال کیا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد آصف نے کہا کہ عالمی چیمپئن بننے کے بعد اگلا ہدف پروفیشنل ٹورنامنٹ تک رسائی حاصل کرنا ہے، کوشش ہو گی کہ فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل میں ملک و قوم کےلئے مزید ٹائٹلز اپنے نام کروں۔ ملک میں سنوکر کے ٹیلنٹ میں کمی نہیں، اگر کرکٹ اور ہاکی کی طرح اس کھیل کو بھی توجہ دی جائے تو پاکستان اس کھیل میں مزید ٹائٹلز جیت سکتا ہے۔حکومت سے اپیل ہے کہ وہ میری مالی امداد کرے۔فیصل آبادکے علاقہ محلہ کوثر آباد جھنگ روڈ پر محمد آصف کے گھر منگل کو جشن کا سماں رہا اور لوگوں کی بڑی تعداد مبارکبادیں دینے کیلئے آتی رہی۔ اس موقع پر محمد آصف کے والد محمد انور نے کہا کہ ان کے بیٹے محمد آصف کی فتح ان کے اہلخانہ سمیت پوری قوم کی دعاﺅں کا نتیجہ ہے۔ تحریک انصاف کے وفد نے سنٹرل سٹرٹیجک کمیٹی شہزاد یونس کی قیادت میں محمد آصف کے والد سے ملاقات کی اور تحریک انصاف کی طرف سے مبارکباد دی اور چیئرمین عمران حان کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور گلدستہ پیش کیا۔ اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ سنو کر کے ورلڈ چیمئن محمد آصف نے چندہ اکٹھا کر کے چیمپئن شپ میں حصہ لیا اور دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو آﺅٹ کلاس کر کے حکومت کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کو اب انعامات یاد آگئے ہیں۔ دونوں حکومتیں اب اپنے اپنے نمبر آف گیمز کے چکروں میں بیان بازی کر رہی ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ اگر وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ملازمت دینے پر بے حسی جاری رہی تو سنوکر کے ورلڈ چیمپئن محمد آصف کو پرائیویٹ دلوائیں گے۔ ہم برسر اقتدار آکر بڑے بڑے گورنر ہاﺅسز اور دیگر بڑی سرکاری عمارتوں کو کھیل کے میدان میں تبدیل کریں گے۔
عالمی سنوکر چیمپئن محمد آصف کا وطن پہنچنے پر شاندار استقبال‘ گھر میں جشن کا سماں
Dec 05, 2012