قوم ”آفٹرشاکس“ کیلئے تیار ہو تو ڈرون گرانے کا حکم دے سکتے ہیں: وزیر مملکت سلیم حیدر

راولپنڈی (سلطان سکندر) وزیر مملکت برائے دفاع سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ اگر قومی اتفاق رائے سے ڈرون طیارے گرانے کا فیصلہ کیا جائے اور قوم اس فیصلے کے آفٹرشاکس کے لئے تیار ہوتو وزارت دفاع ڈرون حملے روکنے کے لئے ڈرون طیارے ماررانے کا حکم دینے کے لئے تیار ہے لیکن یہ فیصلہ کرنا صرف حکومت یا وزارت دفاع کا کام نہیں بلکہ وزارت خارجہ‘ وزارت انسانی حقوق اور وزارت دفاع کو مشترکہ فیصلہ کرنا اور اس معاملے پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا۔”ایوان وقت“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کراچی اڑھائی کروڑ آباد کا شہر ہے جہاں بھتہ خوروں‘ ٹارگٹ کلرز‘ جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں نے سیاسی جماعتوں میں پناہ لے رکھی ہے۔ کراچی کو دہشت گردی‘ بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سے نجات دلانے کے لئے انتخابی مفادات سے بالاتر ہو کر سیاسی جماعتوں کو جرائم پیشہ عناصر کو اپنی صفوں سے نکالنا ہو گا۔ انہوں نے ایک سوال پر کہاکہ پاکستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردی ملک کو غیرمستحکم کرنے کا بین الاقوامی ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری عدالتوں نے بے نظیر بھٹو اور اکبر بگٹی قتل مقدمات میں جاری کر رکھے ہیں۔ پرویز مشرف کو وطن واپس آ کر عدالتوں کے سامنے سرنڈر کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ شیخ رشید احمد کو اب سیاست سے ریٹائر ہو جانا چاہئے۔ انتخابات کے بعد ہنگ پارلیمنٹ وجود میں آنے کی صورت میں دوبارہ مخلوط حکومت بن سکتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن