لاہور (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو سہارا صرف (ق) لیگ نے دیا ہے۔ جب ہم اقتدار میں آئے تو حکومت ڈانواڈول تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سابق صدر پرویز مشرف کی نسبت صدر زرداری کے ساتھ زیادہ مطمئن ہیں۔ مشرف نے جو غلطیاں کیں اسکے ذمہ دار ہم نہیں ہیں۔ اب اگر اقتدار میں آئے تو مسائل کا ذمہ دار موجودہ حکومت کو قرار دینگے۔ چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے دنیا کو شفاف انتخابات کا پیغام دینے کیلئے ہمیں ہروایا۔ سابق صدر کے کہنے پر بلوچستان میں اکثریت ہونے کے باوجود پی پی کے وزیراعلیٰ کو ووٹ دئیے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایسے لوگ موجود ہیں جو انتخابات جیت سکتے ہیں۔ جانے والوں کیلئے دروازے کھلے ہیں۔ موجودہ اسمبلی اپنی مدت پوری کریگی۔ پرویز مشرف 12 مئی کو کراچی کی طرح پنجاب میں بھی قتل عام چاہتے تھے لیکن پرویز الٰہی نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔ لال مسجد آپریشن کیخلاف تھے، ہم نے این آر او کی حمایت بھی کی تھی اور مخالفت بھی۔ مشرف اور بینظیر بھٹو کی ملاقاتوں کا علم نہیں ہے۔ نوازشریف کیساتھ دھوکہ نہیں کیا، وہ خود ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔ کراچی میں امن و امان کا مسئلہ نہیں۔