لاہور(کامرس رپور)کاروباری برادری نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے ڈالر کو98روپے پر واپس لایا جانے کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن نصراللہ مغل، آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی، انجمن تاجران لاہور کے صدر میا ں طارق فیروز، انجمن تاجران آٹوپارٹس مارکیٹ بادامی باغ کے صدر وقار اے میاں، انجمن لنڈا بازار کے جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ، انجمن تاجران منٹگمری روڈ کے جنرل سیکرٹری وقار علی اورلوہا مارکیٹ بادامی باغ کے تاجر فاروق عاقل نے کہا کہ روپے کی بے قدری کے باعث درآمدی خام مال کی قیمت بڑھے گی جس کے باعث پیداواری لاگت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صنعتی پھیلائو اور سرمایہ کاری کیلئے سستی بجلی، صنعتوں کو گیس کی سپلائی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کے ساتھ ساتھ ساز گار مواقع فراہم کئے جائیں تو صنعتی ترقی ممکن ہوسکے گی اور پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تین ماہ تک صنعتوں کو گیس کی بندش سے صنعتی ترقی ممکن نہیں اس کیلئے صنعتوں کو ضرورت کے مطابق گیس اور سستی بجلی فراہم کی جائے۔ بجلی بلو ں پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں اربوں روپے کی اضافی رقم صارفین کو فراہم کرنے کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی بلوں پر زیرو ریٹنگ سیلز ٹیکس کی سہولت دوبارہ فراہم کی جائے۔
وزیر خزانہ کا ڈالر 98 پر لانے کا بیان خوش آئند ہے: کاروباری برادری
Dec 05, 2013