لاہور (کامرس رپورٹر) یوٹیلٹی سٹورز پر گزشتہ روز ایک کلو یوٹیلٹی گھی کے پیکٹ کی قیمت میں 5 روپے، ایک لٹر یوٹیلٹی کوکنگ آئل کے پیکٹ کی قیمت 7 روپے، ایک کلو سیلا چاول کی قیمت میں 11 روپے اور ایک کلو باسمتی چاول کی قیمت میں 8 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز اس ضمن میں جاری کئے جانے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ایک کلو یوٹیلٹی گھی کے پیکٹ کی قیمت 140 روپے سے بڑھ کر 145 روپے، ایک لٹر یوٹیلیٹی کوکنگ آئل کی قیمت 148 روپے سے بڑھ کر 155 روپے، ایک کلو سیلا چاول کی قیمت 147 روپے سے بڑھ کر 158 روپے اور ایک کلو باسمتی چاول کی قیمت 146 روپے سے بڑھ کر 154 روپے ہو گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج (جمعرات) سے ہو گا۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں آٹے کی قیمت میں 2 روپے فی کلو اضافہ سے چکی کا آٹا 52 روپے فی کلو جبکہ فائن آٹا 44 روپے فی کلو ہو گیا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق آٹے کی قیمت میں 2 روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ آٹے کی قیمت میں 2 روپے فی کلو اضافے کے بعد چکی کا آٹا 50 روپے سے بڑھ کر 52 روپے فی کلو جبکہ فائن آٹا 42 روپے سے بڑھ کر 44 روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔