امریکہ نے پاکستان کے راستے فوجی سامان کی واپسی معطل کر دی ‘ یہ ہماری فتح ہے: تحریک انصاف

پشاور + واشنگٹن (ایجنسیاں) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف جاری احتجاجی تحریک کو بارہ روز پورے ہو گئے۔ ادھر امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے طورخم کے راستے سے سپلائی بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیرین مزاری نے نیٹو سپلائی بندش کے اعلان کو تحریک انصاف کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وزیر اعظم بھی امریکہ کے ساتھ خاموش مفاہمت نہ کرتے اور دلیرانہ مؤقف اپناتے تو ڈرون حملے رک سکتے تھے۔ بدھ کو خیبر پی کے کے چار اضلاع میں چار مقامات پر نیٹو سپلائی روکنے کیلئے دھرنا جاری رہا اور دھرنا کیمپس میں مظاہرین کی بڑی تعداد موجودد رہی۔ تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹری جنرل خالد مسعود نے بدھ کو حیات آباد ٹول پلازہ دھرنا کیمپ کا دورہ کیا۔ خالد مسعود نے کہا کہ موٹروے انٹر چینج پر دھرنا کیمپ بوجوہ ختم کر دیا گیا ہے کیونکہ اس روٹ سے نیٹو سپلائی نہیں آ رہی تھی۔ اب حیات آباد ٹول پلازہ دھرنا کیمپ کے آس پاس کارکن ساری رات بھی موجود رہیں گے تاہم سکیورٹی وجوہات کی بنا پر دھرنا کیمپ کی بجائے کارکنان قریبی ریسٹورنٹس اور دیگر عمارات میں موجود ہونگے اور کسی بڑی گاڑی کو بغیر چیکنگ نہیں جانے دینگے۔ ڈرون حملے بند ہونے تک دھرنا جاری رہے گا۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی اپنے علاقے سے نیٹو سپلائی روک دیں۔علاوہ ازیں امریکی سفارتخانے نے کہا ہے کہ ڈرائیوروں کے تحفظ کی ضمانت ملنے تک نیٹو سپلائی کی ترسیل بند رہے گی، تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث مقامی اور پاک افغان تجارت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ امریکی ستفارتخانے کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث طورخم کے راستے نیٹو سپلائی کی ترسیل بند کر دی گئی ہے، امریکہ کے پاس فضائی، بحری اور زمینی راستے سے نیٹو سامان کی ترسیل کا انتظام ہے تاہم کم اخراجات کے باعث پاکستان کے راستے نیٹو سپلائی کی ترسیل ترجیح ہے۔

ای پیپر دی نیشن