کراچی (نوائے وقت رپورٹ + اے این این) سندھ کی سپیشل اینٹی کرپشن کورٹ نے سیکرٹری صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ سندھ کی صاحبزادی ناہید شاہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ عدالت نے کرپشن کے ایک مقدمے میں بطور گواہ پیش ہونے سے انکار پر وارنٹ جاری کرتے ہوئے 11دسمبر کو ناہید شاہ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ بدھ کو کراچی کی اینٹی کرپشن کورٹ نمبر 2 نے کرپشن کے ایک مقدمے کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے صوبائی حکومت کی سیکرٹری ناہید شاہ کی طلبی کے باوجود عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ناہید شاہ کو 11دسمبر کو ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے۔ ناہید شاہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صاحبزادی ہیں اور انہیں بارہا عدالت میں بطور گواہ طلب کیا گیا اور متعدد بار سمن جاری ہونے کے باوجود وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی بیٹی ناہید شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عدالت کی جانب سے نہ انہیں کوئی نوٹس ملا ہے اور نہ ہی ایسی کوئی بات ان کے علم میں ہے۔ ناہید شاہ نے واضح کیا کہ جس کیس کا میڈیا نے ذکر کیا وہ 24 سال پرانا ہے اور اس کیس سے میرا کوئی تعلق نہیں۔