کراچی (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ کسی کو شہر بند کرنے کا حق نہیں دیا جا سکتا، پاکستان اپنی بھرپور دفاعی صلاحیت رکھتا ہے، بین الاقوامی معیار کے مطابق جنگی ساز و سامان بنا کر فروخت کرنے کا بھی اہل ہے، بحران سے ابھی نکلے نہیں لیکن نکلتے نظر آرہے ہیں، امید ہے کہ ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کر کے روشنی لائیں گے۔ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014 کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان اپنی بھرپور دفاعی صلاحیت رکھتا ہے، بین الاقوامی معیار کے مطابق جنگی ساز و سامان بنا کر فروخت کرنے کا بھی اہل ہے، غیر ملکی وفود نے پاکستانی دفاعی اشیاء کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ہمیں اپنے انجینئرز پر فخر ہے، ہماری نشانیاں دھرنے نہیں بلکہ مضبوط کرنسی اور معیشت ہے، پاکستانیوں کی تخلیق اور صلاحیت دفاعی نمائش میں دیکھی ہے، دھرنے میں نہیں۔ ہم نے روشنیوں کی طرف سفر کرنا شروع کردیا ہے، جب اقتدار سنبھالا تو پاکستان کی معیشت سے متعلق منفی پیش گوئیاں کی جارہی تھیں لیکن اب سٹاک ایکسچینج 30 ہزارکی سطح عبور کرگئی ہے، عنقریب 40 ہزار سے بھی اوپر جائے گی۔ غیر ملکی وفود کا دفاعی نمائش میں شرکت کرنا اور پاکستانی عسکری مصنوعات میں دلچسپی کا اظہار کرنا پاکستان کی کامیابی ہے اور یہ کسی ایک سیاسی جماعت کی کامیابی نہیں بلکہ پورے ملک کی کامیابی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بحران سے ابھی نکلے نہیں لیکن نکلتے نظر آرہے ہیں، امید ہے کہ ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کر کے روشنی لے کر آئیں گے، ہم اپنی غلطیوں اور کمزوریوں کو بھی دیکھتے ہیں، ہمیں اپنی کامیابیوں پرخوش ہونے کا حق بھی حاصل ہے اور کسی کو یہ حق نہیں دے سکتے ہیں وہ ہم سے ہماری خوشیاں چھینے یا اس سے ہمیں محروم رکھ سکے۔ ہمیں اپنی کامیابیوں پر خوش ہونے کا حق ہے۔ یہ کسی ایک سیاسی جماعت کی کامیابی نہیں، پاکستان کی کامیابی ہے۔ خالی جلسوں کو ٹی وی سکرین کے ذریعے دھرنے کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔ 1965ء کی جنگ اور عمران خان کی دھمکیوں میں مماثلت کیوں ہے؟ دو ٹائر جلائو، کنٹینر سائونڈ سسٹم لائو اور دھرنا دے کر بیٹھ جائو، دھرنے کو کس طرح سے ماڈل سسٹم بنادیا گیا ہے، پاکستان کی نمائندگی دھرنے نہیں دفاعی نمائش کر رہی ہے، کوئی بھی بات اصول اور ضابطے سے منوائی جاتی ہے دھمکی سے نہیں، دفاعی نمائش میں 80 سے زائد ممالک کے مندوبین نے شرکت کی اور پاکستانی انجینئرز کی قابلیت کو سراہا ہے، بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان پر اعتماد کرنے لگے ہیں، عمران خان نے فخر الدین جی ابراہیم جیسے شریف آدمی کو گالی دی، عمران خان دھرنا نہ دیتے تو اب تک جوڈیشلکمشن بن چکا ہوتا، مسلم لیگ ن میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں۔ دفاعی نمائش کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے‘ کسی کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں‘ ملکی دفاع کی مضبوطی کیلئے فوج کو تمام تر وسائل فراہم کررہے ہیں۔ دفاعی نمائش 2014ء کو ملکی و غیر ملکی شرکاء نے سراہا ہے۔ ہم نے تمام ملکوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کا عزم کررکھا ہے اور پاکستان مکمل طور پر دوسرے ممالک کی پالیسی میں عدم مداخلت پر کاربند ہے لیکن پاکستان نے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کا عزم کررکھا ہے۔ پاکستان پرامن ملک ہے۔ پاکستان کسی کیخلاف بھی جارحانہ عزائم نہیں رکھتا نہ ہی دفاعی سازو سامان پر کسی کیساتھ مقابلہ کرتا ہے۔ پاکستان کئی دوسروں ملکوں کیساتھ دفاعی شعبے میں تعاون کررہا ہے۔پاکستان اپنی سلامتی اور وقار کے تحفظ میں پرعزم ہے۔ ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ ہمیں اپنی افواج کی صلاحیتوں پر مکمل بھروسہ ہے۔ ہماری دفاعی صنعت مزید مستحکم ہو رہی ہے۔ دفاعی معاملات میں ہمارا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں۔عمران کے خطاب پر ردعمل میں پرویز رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف کے ذمے کسی بھی بینک کا قرض واجب الادا نہیں، خاں صاحب پی ٹی وی پر حملے سے انکار پر کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں، نئے پاکستان میں سچ بولنے پر پارٹی صدر کو نکالنے والی جمہوریت کیسے چلے گی۔ تاجر برادری کے انکار پر عمران نے حسب عادت اپنا موقف بدل لیا ہے، اب یہ پی ٹی وی پر حملے سے انکار پر کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ خان صاحب تیل کی بات کرتے ہیں، پاکستان میں تیل کی قیمت کم ہونے پر بھارتی عوام نے احتجاج کر کے نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ پاکستانی وزیراعظم جتنا ہمیں ریلیف دیا جائے اور نئے پاکستان میں سچ بولنے پر پارٹی صدر کو نکالنے والی جمہوریت کیسے چلے گی۔
کسی کو ملک بند نہیں کرنے دینگے‘ دنیا میں نمائندگی دھرنے نہیں دفاعی نمائش کرا رہی ہے: پرویز رشید
Dec 05, 2014