کمیٹی کی انکوائری مکمل، تھیلیسیمیا سنٹر گنگارام ہسپتال کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا

Dec 05, 2014

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کی تھیلیسیمیا سے متعلق کمیٹی نے انکوائری مکمل کر لی۔ وزیراعلیٰ انکوائری کمیٹی کی 4 رکنی ٹیم نے سفارشات اور رپورٹ مرتب کر لی۔ انکوائری کمیٹی نے گنگارام ہسپتال تھیلیسیمیا سنٹر کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔کمیٹی نے ڈاکٹرز سے سوالات بھی کئے۔ کمیٹی نے تھیلیسیمیا کے 1200 مریضوں کا ریکارڈ چیک کیا۔ صوبائی مشیر صحت خواجہ سلمان نے کہا ہے کہ تھیلیسیمیا مراکز میں بچوں کی تعداد 50 ہزار ہے۔ تھیلیسیمیا کے تمام مریضوں کی سکریننگ کرائی جائے گی، کسی بچے میں ایچ آئی وی مثبت نکلا تو علاج کیا جائے گا۔ متاثرہ بچوں کو بلڈ لگوانے کے معاملے کی بھی تحقیقات ہو گی۔ نجی و سرکاری تھیلیسیمیا مراکز کے بلڈ بنک کو نوٹس دیدیئے۔ جنوری کے بعد ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے بلڈ بنک سیل کر دیئے جائیں گے۔ نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کے ڈائریکٹر بصیر خان اچکزئی اور انتقال خون اتھارٹی کے سربراہ حسن ظہیر پر مشتمل ہے تحقیقات کیلئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ وزیر مملکت صحت سائرہ افضل تارڑ نے بتایا کہ کمیٹی 48 گھنٹے کے اندر معاملے کی تحقیقات کرے، ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔ تحقیقات میں کسی کی کوتاہی ثابت ہوئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزیدخبریں