لاہور+ گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) لاہور اور اس کے مضافات میں گیس کی بندش اور لو پریشر کا مسئلہ برقرار ہے۔ لاہور میں اقبال ٹاؤن، گلشن بلاک، رسول پارک اچھرہ، والٹن روڈ، مدینہ کالونی (شالامار)، باغبانپورہ اور کوٹلی پیر عبدالرحمان، رشید پورہ، غازی آباد اور سمن آباد، گرین ٹاؤن اور ٹاؤن شپ کے علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے گیس کی لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی۔ متاثرہ صارفین کا کہنا ہے گیس پریشر صبح 6 بجے ڈاؤن ہو جاتا ہے اور 10 بجے تک گھروں کے چولہے ٹھنڈے رہتے ہیں اور شام 4 بجے گیس کا پریشر بحال ہوتا ہے تو ایک سے دو گھنٹے کے بعد دوبارہ گیس پریشر کم ہو جاتا ہے اور رات 10 بجے تک گھروں کے چولہے ٹھنڈے رہتے ہیں۔ بار بار شکایات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ گیس بحران سنگین ہوتے ہی صارفین کی شکایات میں بھی حیرت انگیز حد تک اضافہ ہو گیا ہے اور گیس شیڈنگ کے ستائے صارفین نے اب ریجنل دفاتر کے بعد کمپنی کے ہیڈ آفس میں بھی شکایات درج کروانا شروع کر دی ہیں۔ سب آفس شاہدرہ، ہربنس پورہ، ملتان روڈ اور اندرون لاہور میں واقع سوئی ناردرن کے سب آفسز میں بھی صارفین کی تحریری شکایات کا تانتا بندھتا جا رہا ہے۔ گذشتہ روز سوئی ناردرن کے ریجنل دفتر گلبرگ میں والٹن روڈ اور چونگی امرسدھو کے صارفین گیس کی قلت کے خلاف سراپا احتجاج بنے رہے۔ سکیورٹی گارڈز نے شکایات لیکر آنیوالے شہریوں کو دفتر کے اندر جانے کی اجازت نہ دی جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ دوسری جانب ہربنس پورہ، ملتان روڈ اور شاہدرہ کے صارفین بھی گیس کی شدید قلت کے خلاف سراپا احتجاج بنے رہے۔ گوجرانوالہ میں انڈسٹری اور سی این جی سٹیشنز کو گیس بندش کے باوجود گھریلو صارفین کوگیس نہ مل سکی، متعدد علاقوں کے چولہوں سے گیس غائب، امور خانہ داری بری طرح متاثر ہونے سے معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے۔ سردی کی شدت میں اضافہ سے قبل ہی گیس کی عدم دستیابی نے صارفین کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ احتجاج کے پیش نظر حکومتی احکامات کی روشنی میں سوئی گیس حکام نے یکم نومبر کو تمام چھوٹی بڑی انڈسٹریز اور سی این جی سٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند کر دی ہے تاکہ گھریلو صارفین کو باآسانی گیس مہیا ہوسکے مگر افسوناک امر یہ ہے متعدد علاقوں میں سوئی گیس مکمل طورپر غائب ہو کر رہ گئی ہے جبکہ عوام مہنگی لکڑیاں اور ایل پی جی گیس سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ گیس کی عدم دستیابی سے امور خانہ داری سمیت دیگر ضروریات زندگی بھی بری طرح متاثر ہو کر ر گئے ہیں جن علاقوں میں گیس کی مسلسل لوڈ شیڈنگ بدستور جاری ہے ان میں وحدت کالونی، ماڈل ٹائون، گرجاکھ، پیپلز کالونی، کشمیری بازار، بلال پورہ، دھلے سمیت دیگر علاقے شامل ہیں تاہم عوامی و سماجی حلقوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
لاہور اور گوجرانوالہ میں گیس لوڈشیڈنگ جاری، شہری سراپا احتجاج
Dec 05, 2014