اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان اور ایران دوطرفہ تعلقات کو فروغ دے کر خطے کی سلامتی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور دیگر ممالک کے لئے ایک رول ماڈل بن سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر علی لاریجانی کا پارلیمنٹ ہائوس میں خیر مقدم کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر علی لاریجانی نے پارلیمنٹ ہائوس کے سبزہ زار میں پودا لگایا۔ بعد ازاں دونوں سپیکروں کے درمیان ون ٹو ون ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے سپیکروں نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے جس میں دونوں ہمسایہ برادر اسلامی ممالک کی پارلیمانوں میں تعاون کے فروغ اور جمہوری اور پارلیمانی اداروں کے استحکام پر اتفاق کیا گیا۔ڈاکٹر علی لاریجانی نے پاکستان کے ساتھ دوستی کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا ایران پاکستان کی معیشت کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔ دونوں ممالک کے مابین درآمدات و برآمدات کے حجم میں اضافے کے وافر مواقع موجود ہیں۔ ایران نہ صرف پاکستان کو برقی توانائی بلکہ تیل و گیس اور دیگر پیٹروکیمیکل مصنوعات فراہم کرنے میںگہری دلچسپی رکھتا ہے۔ علاقائی سیکورٹی کاحوالے سے بات کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے مابین قریبی تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کچھ شر پسند قوتیں دوستی کی سرحد وں کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں ان کے خلاف دونوں ممالک کو مل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ شرپسند قوتیں امت مسلمہ کے اتحاد کو منقسم کرنے کی درپے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ پاک -ایران گیس پائپ لائین کا منصوبہ دو سال میں مکمل ہوجائے گا۔