لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ فیصل آباد میں انٹرنیشنل ہینڈ بال ٹورنا منٹ کے مقابلے جار ی ہیں۔ اس سے پہلے اسلام آباد میں ساف وویمنز فٹبال چیمپین شپ بھی منعقد ہوئی۔ رواں ماہ کینیا کی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ یوں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے کھیل کے میدان بھی آباد ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ لاہور میں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس میں چالیس ممالک کے نمائندوں کی شرکت سے بھی پاکستان کے محفوظ ملک ہونے کا تاثر مضبوط ہوا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین لیفٹینٹ جنرل (ر) توقیر ضیاء کا کہنا ہے کہ مختلف کھیلوں میں پاکستان ٹورنامنٹس کی میزبانی کر رہا ہے یہ صورتحال حوصلہ افزا ہے۔ ملک میں من وا مان کی صورتحال بھی بہتر ہو رہی ہے۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے پیٹرن سید دلاور عباس نے کہا کہ امن وامان کی بہتر ہوتی صورتحال سے کھیلوں کی بین الاقوامی تنظیموں کی طرف سے بھی پاکستان سختیاں کم ہوں گی نرم گوشہ پیدا ہوگا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکرٹری احمد یار لودھی کاکہنا تھا کہ بیرون ممالک سے ٹیموں کی آمد خوش آئند ہ ہے۔ غیر ملکی ٹیموں کو بھر پور سکیورٹی دینا ہوگی اور ان کا اعتماد قائم رکھنے کے لئے بہتر انتظامات کرنا ہوں گے۔کھیلوں کے میدان جلد آباد ہونے کی امید ہے۔