لاہور(چودھری اشرف) نشتر سپورٹس کمپلیکس کو خالصتاً کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے مختص کرنے کیلئے گلبرگ لبرٹی چوک اور فیروز پور روڈ کو ملانے والی سڑک کو مکمل طور عام ٹریفک کیلئے ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ صرف کھیلوں سے وابستہ افراد ہی نشتر سپورٹس کمپلیکس میں داخل ہو سکیں گے جن کیلئے خصوصی پاسز جاری کیے جائیں گے۔ حکومت پنجاب نے سپورٹس بورڈ پنجاب کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔نشتر سپورٹس کمپلیکس کے تمام داخلی راستوں پرچیک پوسٹیں قائم کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی طور پر قذافی سٹیڈیم کے داخلی راستوں پرسیکورٹی کیلئے پرائیویٹ سیکورٹی ایجنسی کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ رواں ماہ کینیا کی کرکٹ ٹیم لاہور آ رہی ہے۔ کینیا کرکٹ ٹیم کو سیکورٹی کے پیش نظر نشتر سپورٹس کمپلیکس میں واقع نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہی ٹھہرانے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ مہمان ٹیم کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جا سکے۔