اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان، یمن میں امن و استحکام قائم کرنے کیلئے اقوام متحدہ کی کوششوںکی حمایت جاری رکھے گا۔ پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط و مستحکم بنانا اور ٹرانسپورٹ، توانائی و تجارت میں علاقائی رابطوں کا فروغ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نوبل انعام یافتہ خاتون توکل عبدالسلام کامران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گزشتہ روز دفتر خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ پاکستان میں یمن کے سفیر احمد قائد الحریری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نوبل انعام یافتہ خاتون توکل کامران نے وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز کو یمن کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بریف کیا اور بحران حل کرنے کیلئے عالمی برادری کی جانب سے کوششوں میں پاکستان کی حمایت اور تعاون کی درخواست کی۔ نوبل انعام یافتہ خاتوں نے یمن میں بحالی کی کوششوں کیلئے ایک ملین ڈالر امداد کی فراہمی پر پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
یمن میں استحکام کیلئے اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے: سرتاج عزیز
Dec 05, 2015