اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان میں رواں سال 2015ء کیلئے اقتصادی شرح نمو میں 4.2 فیصد جبکہ آئندہ برس 2016ء میں 4.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی جنوبی ایشیائی ممالک کی معیشتوں کے حوالے سے جاری رپورٹ کے اعدادوشمار کے مطابق جنوبی ایشیائی ممالک کی اقتصادی بڑھوتری کی شرح رواں سال کیلئے 6.9 فیصد تک بڑھنے جبکہ آئندہ سال اس میں 7.3فیصد کا اضافہ متوقع ہے۔ ستمبر 2015ء کیلئے جاری کی گئی اے ڈی بی کی رپورٹ میں جنوبی ایشیا کے خطے کے ممالک کی اقتصادی ترقی کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال 2015ء کیلئے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں 4.2 فیصد کے اضافہ کی توقع ظاہر کی گئی جبکہ آئندہ برس2016ء کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستانی معیشت کی شرح نمو میں 4.5 فیصد تک اضافہ کی پیش گوئی کی ہے۔