لاہور (وقائع نگار خصوصی) پیپلزپارٹی کے سینیٹر چودھری اعتراز احسن نے پارٹی قیادت سے پارٹی کے کرپشن میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحر یک انصاف کے دھرنے کی ناکامی سے شریف برداران کے تکبر اور حکومتی کرپشن میں اضافہ ہو چکا ہے‘ ہم نے جمہوریت اور ملک کیلئے دھرنے کے خلاف (ن) لیگ کی حکومت کا ساتھ دیا‘ پیپلزپارٹی کی بنیاد جن 4اصول پر رکھی گئی پارٹی قیادت کو اس پر عمل کرنا چاہیے۔ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں تھوڑی سی نہیں بہت بڑی دھاندلی ہوئی ہے۔ لاہور میں پیپلزلائرز فورم کی تقر یب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینیٹر چودھری اعتراز احسن نے کہا کہ پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں مزید مضبوط ہوگی لیکن پارٹی قیادت کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ پارٹی کے اندر بھی لوگوں کا احتساب کریںکیونکہ اس سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ پیپلز پارٹی کو اپنے منشور کو سامنے رکھتے ہوئے ملک میں بے لگام سرمایہ داری نظام کی کھل کر مخالفت کرنی چاہئے۔ ہم نے الیکشن میں بڑی مشکل سے اُمیدوار کھڑے کئے لیکن وہ وقت دور نہیں جب پی پی پی کے دفاتر کے باہر الیکشن لڑنے کیلئے پارٹی ٹکٹ کے خواہشمندوں کی قطاریں لگیں گی۔ پی پی پی نے جمہوریت بچانے کے لئے حکومت کا ساتھ دے کر اپنے اُوپر ’’ فرینڈلی اپوزیشن‘‘ کا لیبل لگوایا۔ وکلاء نے پی ایل ایف کی شکل میں پی پی پی کے ہر اول دستہ کا کردار ادا کیا ہے۔ چودھری اعتزاز احسن نے کہا کہ پارٹی کا یوم تاسیس کا دن درحقیقت خود احتسابی کا دن ہوتا ہے۔ سردار محمد لطیف کھوسہ نے کہا کہ سپریم کورٹ سابق وزیر اعظم پی پی پی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید کے عدالتی قتل کے حوالے سے زیر التواء صدارتی ریفرنس کا جلد فیصلہ کرے اور تاریخ کے اوراق میں عدلیہ پر لگے دھبے کو ختم کیا جائے۔ تقریب سے پی ایل ایف کے رہنما افتخار شاہد، میاں عبدالستار انجم، زاہد چودھری، شاہد عباس کے علاوہ بیرسٹر عامر حسن نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پی پی پی کے سہیل ملک، شاہدہ جبیں سمیت پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اور پی ایل ایف کے وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
پیپلز پارٹی میں کرپٹ افراد کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے: اعتزاز
Dec 05, 2015