گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) نندی پور پاور پلانٹ میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے فرنس آئل کی وصولی روک دی گئی‘ کھلے آسمان تلے بغیر سکیورٹی کے کھڑے200 سے زائد آئیل ٹینکرز قریبی آبادیوں کے لئے خطرہ بن کر رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق نندی پور پاور پراجیکٹ کا ٹھیکہ امریکی کمپنی الباریو کو دیا گیا لیکن پاور پلانٹ کی مشینری میں خرابی کی وجہ سے انتظامیہ نے مزید فرنس آئل کی وصولی روک دی ہے اور کسی آئیل ٹینکرکو اندر نہیں جانے دیا جارہا جس وجہ سے کراچی سے روانہ ہونے والے 200سے زائد فرنس آئیل کی ٹینکرز سڑک کنارے کھڑے ہیں اور ہر ٹینکر میں تقریباً چالیس ہزار لیٹر فرنس آئل موجود ہے۔ انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے ان کی حفاظت کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا۔ اس سلسلہ میں جب متعلقہ ایس ایچ او سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں آئل ٹینکرز کی موجودگی کا علم ہے لیکن اوپر سے ابھی تک کوئی حکم جاری نہیں کیاگیا۔