مقبوضہ بیت المقدس (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز+اے ایف پی) فلسطین میں اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہیں، حملہ آور قرار دے کر مزید فلسطینی شہید کردیئے۔ حملوں میں 4 صیہونی فوجی زخمی ہوگئے۔ واقعہ مغربی کنارے کے علاقے بیت اللحم میں پیش آیا جہاں اسرائیلی فوج نے کارروائی کے دوران 2 فلسطینی شہریوں کو اسرائیلی فوجی کے قتل کے الزام میں فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ گزشتہ روز بھی بیت المقدس کے قریب اسرائیلی پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک فلسطینی جاں بحق ہو گیا تھا۔ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں دو ماہ سے جاری جھڑپوں میں 107 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ ادھر فلسطینی ڈرائیور نے مغربی کنارے میں کار چڑھا کر 2صیہونی فوجیوں کو روند کر زخمی کردیا، جوابی کارروائی میں شہید ہوگیا، فلسطینی سکیورٹی فورسز نے بتایا یہ 19سالہ انس بسام تھا دریں اثناء ٹینک سے فائرنگ میں 2فلسطینی زخمی ہوگئے، ملٹری ترجمان نے الزام لگایا دونوں ممنوعہ علاقہ میں آگئے تھے، ان پر ٹینک سے شیلنگ کی گئی۔ فلسطینیوں کے مکانوں کو مسمار کرنے کی پالیسی کو انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور ناقدین نے ظالمانہ قرار دیکر مذمت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے ایک فرد کے جرم کی سزا اس کے پورے خاندان کو دی جا رہی ہے۔