لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔کھلاڑیوں نے گزشتہ روز کینز میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا اور بھرپور ایکشن میں دکھائی دیئے۔ٹریننگ سیشن کے دوران کھلاڑیوں نے بائولنگ ‘بیٹنگ اور فیلڈنگ پر بھر پور توجہ دی ۔کوچز نے کھلاڑیوں کی خامیاں دور کرنے کیلئے خاص توجہ دی ۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر ‘بائولنگ کوچ اظہر محمود اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے کھلاڑیوں کو ٹپس دیں ۔کھلاڑیوں نے ورزش کے ساتھ ساتھ کیچنگ پریکٹس کا بھی مظاہرہ کیا ۔قومی ٹیم کے کوچز پرعزم ہیں کہ دورہ نیوزی لینڈ میں سامنے آنے والی خامیوں پر قابو پاکر آسٹریلیا کیخلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔امید ہے پریکٹس میچ کے دوران کھلاڑی مزید سیکھ لیں گے اور یہاں کے ماحول سے ایڈجسٹمنٹ ہو جائے گی۔ پہلا ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہے اسی وجہ سے پریکٹس میچ بھی ڈے اینڈ نائٹ رکھا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کومیچ سے قبل اچھی پریکٹس مل سکے۔ قومی ٹیم آٹھ سے دس دسمبر تک تین روزہ ڈے اینڈ نائٹ پریکٹس میچ کھیلے گی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ جو کہ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا پندرہ دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔دوسرا ٹیسٹ میچ چھبیس دسمبر جبکہ تیسرا آخری ٹیسٹ میچ تین جنوری سے کھیلا جائے گا۔ٹیسٹ سیریز کے بعد قومی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ مکی آرتھر نے سیریز میں بیٹسمینوں کی کارکردگی بہتر بنانے کو ہدف بنالیا۔نیوزی لینڈ کے تلخ تجربے کے بعد شاہینوں نے رفتار پکڑ لی، فاسٹ بولرز ردھم میں آنے کی تیاری میں جت گئے، کینز میں پریکٹس سیشن میں کوچز کھلاڑیوں کی ہمت بڑھاتے رہے۔فاسٹ بولر وہاب ریاض اور عمران خان نے نیٹ پر لمبا سیشن کیا، مکی آرتھر بلے بازوں کو بیٹنگ کے گر بتاتے رہے، باؤنسرز سے بچنے کی خصوصی ٹریننگ کرائی، فیلڈنگ کے شعبہ میں کھلاڑیون کی توجہ مرکوز رکھی گئی۔