فنانسنگ پلان منظور، دیا میر بھاشاہ ڈیم کی تعمیر آئندہ سال شروع کردی جائے : وزیر اعظم

Dec 05, 2016 | 19:29

ویب ڈیسک

 وزیر اعظم نواز شریف نے دیامیر بھاشا ڈیم کے لئے فنانسنگ پلان کی منظوری دیتے ہوئے مالیاتی تجاویز کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ آئندہ سال کے آخر تک ڈیم کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے۔ وزیراعظم ہاﺅس میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت دیامیر بھاشا ڈیم کے لئے فناسنگ پلان کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف نے دیامیر بھاشا ڈیم کے لئے فنانسنگ پلان کی اصولی منظوری دے دی۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے دیامیر بھاشا ڈیم کے لئے فنانسنگ پلان پیش کیا۔ اجلاس میں وزارت پانی و بجلی نے دیامیر بھاشا ڈیم کو اپنے وسائل سے مکمل کرنے کی تجویز دی ۔ پی ایس ڈی پی فنڈز اور واپڈا کے وسائل کے ذریعے ڈیم تعمیر کیا جائے گا۔وزیراعظم نے سیکرٹری خزانہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مالیاتی تجاویز کو جلد حتمی شکل دی جائے اور آئندہ سال کے آخر تک ڈیم کی تعمیر ہر صورت شروع ہو جانی چاہیے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم کے لئے اراضی کا حصول خوش آئند ہے ۔اراضی کے حصول کے لئے وزارت پانی و بجلی اور گلگت بلتستان انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ا جلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ بھاشا ڈیم کی منظوری مشترکہ مفادات کونسل نے 2009 میں دی تھی۔ ملک میں آبی ذخائر کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے۔ آبی ذخائر سے ملک میں پانی کی قلت کے چیلنج سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ دیامیر بھاشا ڈیم میں 8.7 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی۔ ڈیم سے 4500 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی مہیا ہو گی۔ دیامیر بھاشا ڈیم مکمل طور پر ملکی وسائل سے تعمیر کیا جائے گا۔اس منصوبے کے لئے واپڈا وسائل پیدا کرے گا جبکہ بجلی کی پیدا وار کے لئے باقی فنانسنگ کا بندوبست کمرشل بنیادوں پر ہو گا جس کے لئے وزارت پانی و بجلی یاتو واپڈا سے پیسے لے گی یا پراجیکٹ کی لیزنگ کے فنڈز سے رقوم حاصل کی جائیگی۔ وزیراعظم نواز شریف نے سیکرٹری پانی و بجلی، منصوبہ بندی اور خزانہ کو سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ دیا میر بھا شا ڈیم 2009میں منظور ہوا تھا جو کہ 45سو میگا واٹس بجلی فراہم کرے گا۔

مزیدخبریں