مقدمات قانون کے مطابق چلتے ہیںملزمان کی خواہش پر نہیں‘ مشتاق لغاری

Dec 05, 2017

کراچی(وقائع نگار) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر مشتاق احمد لغاری نے کہا ہے کہ مقدمات قانون کے مطابق چلائے جاتے ہیں ملزمان کی خواہش کے مطابق نہیں یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل ملیر کے دورے کے موقع پر قیدیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جوڈیشل مجسٹریٹس آصف رضا میر، غلام اکبر، ملیر بارایسوسی ایشن کے صدر بیرسٹرفیاض سومر، سائبان انٹرنیشنل ویلفیئر آرگنائزیشن کے وائس چیئرمین مراد خان آفریدی، جنرل سکریٹری حیدر علی حیدر ، اسسٹنٹ کمشنر مشتاق جتوئی اور ممتاز قانون داں عبدالجبار ایڈوکیٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ سید آفاق رضوی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ شکیل ارباب، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس ارشد حسین شاہ، اشتیاق اعوان اور دیگر نے استقبال کیا مشتاق احمدلغاری نے کہا کہ عدالتیں چاہتی ہیں مقدمات جلد نمٹائے جائیں مقدمات میں تاخیر عدالت کی وجہ سے نہیں بلکہ وکلاء اور فریقین کے عدم تعاون کی وجہ سے ہوتی ہے۔ ڈسٹرکٹ جج کو اس موقع پر ایک درجن سے زائد قیدیوں نے اپنے مقدمات کے حوالے سے درخواستیں پیش کیں‘ 8 قیدیوں کوجرمانے کی رقم کی ادائیگی کے بعد رہائی کا حکم دیا گیا۔

مزیدخبریں