وزارت داخلہ نے ورلڈ ہاکی لیگ کیلئے سکیورٹی کلیئرنس دیدی

Dec 05, 2017

لاہور(این این آئی)وزارت داخلہ نے ہاکی ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کیلئے سکیورٹی کلیئرنس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،ورلڈ ہاکی لیگ کے لئے بھی کلیئرنس دیدی گئی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے لئے وزارت داخلہ سے سکیورٹی کلیئرنس کی درخواست کر رکھی تھی۔پاکستان الیون اور ورلڈ ہاکی الیون کے مابین 10اور 12جنوری کو لاہور اور کراچی میں مقابلے ہوں گے ۔ ورلڈ الیون میں انگلینڈ، ہالینڈ، جرمنی، آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے کھلاڑی شریک ہوں گے۔وزارت داخلہ نے ورلڈ الیون کے دورہ کے لئے سکیورٹی کلیئرنس کے ساتھ پی ایچ ایف کو ورلڈ ہاکی لیگ کروانے کیلئے بھی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف 2018میں ورلڈ ہاکی لیگ منعقد کروائے گی۔

مزیدخبریں