اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق سے ملاقات ،وزیراعظم آزادکشمیر نے راجہ ظفر الحق کو پاکستان مسلم لیگ ن کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے راجہ ظفرالحق کو آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ کر دیا ہے قابض بھارتی افواج نہتے عوام کی قتل و غارت گری میں مصروف ہیں خاص طور پر کشمیری نوجوانوں کی ٹارگٹ گلنگ کی جا رہی ہے اور کشمیری نوجوان جعلی مقابلوں میں شہید کیئے جا رہے ہیں لائن آف کنٹرول پر قابض بھارتی افواج سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے آزادکشمیر کے نہتے عوام شدید متاثر ہیں لیکن آزادکشمیر کے عوام بھارتی جبرو جارحیت کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں حال ہی میں سرینگر کرکٹ سٹیڈیم میں بھارتی فوج کے زیر اہتمام کشمیر پریمیئر لیگ کے دوران ہزاروں کشمیری نوجوانوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور سبز ہلالی پرچم لہرا کر پاکستان سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا سرینگر سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا اس موقع پر چیئرمین پاکستان مسلم لیگ ن راجہ ظفر الحق نے کہا کہ کشمیرہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری و ساری رکھی جائے گی قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے جاندار کردار ادا کیا ہے ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہے بھارت طاقت اور جبر و بربریت کے ذریعے کشمیر پر اپنا تسلط برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہو گا کشمیریوں نے آزادی کے لیے جو قربانیاں دی ہیں وہ بار آور ثابت ہو ں گی پاکستان کشمیریوں کے حق کی آواز دنیا تک پہنچانے کے لیے اپنا جاندار کردار ادا کرتا رہے گا ۔