کراچی (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہمیں پارٹی کے معاملات پر اختلافات ہیں جو جلد فاروق ستار سے مل کر دور کرنے کی کوشش کریں گے اور ہمیں تنگ کرنا بند کیا جائے کہیں ہم مہاجر صوبے کی طرف نہ چلے جائیں۔کامران ٹیسوری نے فاروق ستار کی والدہ، اہلیہ اور متحدہ رہنما علی رضا عابدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار کی والدہ میری والدہ کی طرح ہیں وہ یہ سن کر مجھے منانے یہاں پہنچی ہیں کہ میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں حالانکہ ایسا نہیں ہے، ہر پارٹی میں اختلاف رائے ہوتا ہے، کچھ باتوں پر میرا اور علی رضا عابدی کا پارٹی سے اختلاف ہے جبکہ قیادت کو اس سے آگاہ کیا ہے، ہم جلد فاروق ستار کے ساتھ نشست میں ان تحفظات کو دور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ساز ش کے تحت میری اور علی رضا عابدی کی کردار کشی کی جارہی ہے، ممکن ہے آئندہ چند دنوں میں ہمیں کسی بڑے مقدمے میں پھنسادیا جائے۔ گزشتہ 4 برس سے وفاقی و صوبائی حکومتوں کا ہم سے رویہ درست نہیں، انہوں نے کہاکہ سندھ کا گورنر مہاجر ہونا ہمارا حق تھا لیکن وہ بھی نہ ہوا، انہوں نے وزیراعظم اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ وہ مہاجروں پر ہونے والے مظالم بند کرائیں۔ فاروق ستار کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو میںکہاکہ کامران ٹیسوری عظیم اخلاق والے ہیں، وہ ہم سے کبھی الگ نہیں ہوں گے نہ ہی استعفی دے سکتے، وہ میرے بیٹے ہیں۔ جس نے بھی پارٹی چھوڑنی ہے یاجانا چاہتا ہے وہ جائے،کامران کبھی نہیں جائیں گے، انہوں نے کبھی کسی کی برائی نہیں کی۔ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ متحدہ کے آئین میں فاروق ستار سے تبدیلیاں کسی نے کرائی تھیں۔ پارٹی نے اجلاس بلا کر تمام تبدیلیاں ختم کر دی ہیں۔ نجی ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کسی دباﺅ میں نہیں آئیں گے اور نہ انتخاتی اتحاد کریں گے۔
کامران ٹیسوری
فاروق ستار سے متحدہ آئین میں تبدیلیاں کسی نے کرائی تھیں‘ ختم کر دی گئیں: کامران ٹیسوری
Dec 05, 2017