سو مرتبہ شوکاز نوٹس ملے نکالے جانے تک پارٹی نہیں چھوڑوں گا: رضا ہراج

اسلام آباد(آئی این پی)سابق وزیر مملکت اور مسلم لیگ (ن) کے منحرف رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج نے کہا ہے کہ پارٹی مجھے ایک نہیں سو مرتبہ شوکاز نوٹس دے میں اس وقت تک پارٹی نہیں چھوڑوں گا جب تک مجھے نکال نہیں دیا جاتا، میں موجودہ حالات میں بھی میاں نوازشریف اور پارٹی کیساتھ ہوں، میں نے میر ظفر اللہ جمالی کی طرح قومی اسمبلی میں کھڑے ہو کر پارٹی کے خلاف ووٹ نہیں دیا، گھر بیٹھ کر خاموش رہا اور اس خاموشی کی سزا میں شوکاز دیا جارہا ہے، مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی طرف سے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر دیے گئے شوکاز نوٹس پر رضا حیات ہراج نے کہا کہ میں اداروں کی تضحیک برداشت نہیں کرسکتا، سیاست ہم ضرور کریں گے لیکن نہ فوج کو گالی دیں اور نہ اداروں کو نشانہ بنائیں گے۔ اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا اور دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کیا۔ اس کو شوکاز نوٹس کیوں نہیں دیا جاتا کیا اس کو نوٹس دینے سے یہ لوگ ڈرتے ہیں۔ رضا حیات ہراج نے کہا کہ مجھے شوکاز نوٹس دینے سے پہلے پارٹی کو چاہیے تھا کہ وزیرمملکت انوشہ رحمان کو بھی نوٹس دیا جاتا جس نے غیر ملکی سفیروں کو ایک متنازعہ خط لکھا۔ رضا حیات نے مزید کہا کہ نیب کو مطلوب لوگ آج بھی وفاقی وزیر ہیں۔

ای پیپر دی نیشن