اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ختم نبوت کے مسئلہ سے متعلق سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق کی قیادت میں قائم تین رکنی کمیٹی نے تحقیقات کا کام دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ پیر کو راجہ محمد ظفر الحق کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء احسن اقبال اور مشاہد اللہ خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت قانون و پارلیمانی امور کا الیکشن ایکٹ سے متعلق تمام ریکارڈ منگوا کر مئی 2014ء سے لیکر اب تک کی تمام کارروائی کا جائزہ لیا جائیگا اور ہر پارلیمانی جماعت کی طرف سے پیش کردہ تجاویز کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔ آئندہ دو ہفتوں کے دوران تحقیقاتی رپورٹ کو حتمی شکل دیدی جائیگی اور جامع رپورٹ پارٹی کے صدر میاں نواز شریف کو پیش کر دی جائیگی۔