اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے عمران خان کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مقدمے کی سماعت18 دسمبر تک ملتو ی کردی۔ بابر اعوان نے کہاکہ لاہور ہائیکورٹ میں ضابطہ اخلاق کے نوٹس کے حوالے سے پندرہ دسمبر کو سماعت مقرر ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ کیا ہم تاریخوں کے پیچھے پیچھے بھاگتے رہیں گے۔ سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میںبابر اعوان نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے مختلف اپوزیشن کے لوگوں کو نوٹس جاری کیے۔ نوٹسز میں کہا گیا آپ انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتے۔ نوٹسز میں آزادی اظہار رائے پر پابندی لگائی گئی۔ اجتماع کا حق اور سیاسی جماعتوں کو اپنے کارکنوں سے ملنے سے روکا گیا۔ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی ہے کہ نوٹسز کو آئین کے متصادم قرار دیا جائے۔کل پاکستان کے آئینی ادارے کے سربراہ نے کہا ریاست خطرے میں ہے۔ریاست کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔موجودہ حالات میں سیاست کو خطرہ ضرور ہو سکتا ہے۔اداروں میں تصادم کی کوشش نہیں ہونی چاہیے۔