اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل)کمرہ عدالت میں خواجہ سعد رفیق اور دانیال عزیز میاں نواز شریف کے کان میں سرگوشیاں کرتے رہے نواز شریف نے سماعت شروع ہونے سے قبل اپنے وکیل خواجہ حارث سے طویل قانونی مشاورت کی۔ سماعت 9 بجے شروع ہونا تھی لیکن نوازشریف سوا 8 بجے ہی کمرہ عدالت میں پہنچ گئے۔ جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد کے باہر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کارکنوں نے نعرے لگا کر میاں نوازشریف کا استقبال کیا۔ مسلم لیگ نے کے دیگر رہنما خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب، دانیال عزیر، طلال چوہدری، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری و دیگر بھی عدالت میں موجود تھے۔ نوازشریف عدالت میں آئے اور انہوں نے صحافیوں پر ایک نظر ڈالی اور صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔ انہوں نے ایک شعر بھی سنایا:
زندگی اپنی کچھ اس طور سے گزری غالب
ہم بھی کیا یاد کریں گے کہ خدا رکھتے تھے
ایس ایس پی سیکورٹی جمیل ہاشمی عدالت میں موجود رہے،کمرہ عدالت میں میاں نواز شریف سماعت شروع ہونے سے قبل آخری نشست پر بیٹھ گئے، انکے چہرے پر پریشانی کے آثار تھے ۔ سماعت کے دوران میاں نواز شریف،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر عدالت کی پہلی نشستوں پر بیٹھے تھے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف نویں بار عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔