لاہور (اشرف جاوید‘ نیشن رپورٹ) راولپنڈی میں تحریک لبیک یا رسول اللہ کے دھرنے کو ختم کرنے کیلئے آپریشن کے دوران مشتعل مظاہرین نے پولیس اہلکاروں سے آنسو گیس گنز‘ شیل اور ہینڈ گرنیڈ چھین لئے۔ یہ انکشاف فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں ہوا ہے۔ مظاہرین نے راولپنڈی‘ لاہور اور گجرات میں پولیس پر حملے کئے اور پولیس بس‘ قیدیوں کی وین‘ موٹرسائیکلز سمیت درجنوں گاڑیوں کو نذرآتش کر دیا۔ محکمہ پولیس کی طرف سے بنائی گئی 3 رکنی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے 7 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ تحریک لبیک کے کارکنوں نے کم ازکم 2 آنسو گیس گنز‘ 333 شیلز اور 84 ہینڈ گرنیڈ راولپنڈی میں پولیس سے چھینے۔ مظاہرین نے فیصل آباد چوک میں 2پک اپ اور قیدیوں کی 2 وین کو بھی نقصان پہنچایا جبکہ دیگر شہروں میں ایک پولیس جیپ‘ 5 پک اپ‘ 7 قیدیوں کی وین‘ ایک کوسٹر اور ایک واٹر کینن کو آگ لگائی گئی۔ تھانہ صدر کھاریاں کو نذرآتش کئے جانے پر پولیس سٹیشن کے فرنیچر‘ دفاتر اور کمپیوٹرز کو شدید نقصان پہنچا۔ لاہور میں مشتعل مظاہرین نے ایک پولیس بس‘ کار‘ 2 موٹرسائیکلوں اور شاہدرہ کے قریب پولیس سہولت سنٹر کو نذرآتش کر دیا۔ آئی جی پنجاب کے حکم پر بنائی گئی کمیٹی کے سربراہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور چودھری سلطان تھے جبکہ ایس ایس پی وقاص نذیر اور ایس پی خالد بشیر چیمہ ممبران میں شامل ہیں۔ کمیٹی چند روز میں اپنی رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھجوائے گی۔ سرکاری خط کے مطابق کمیٹی اپنی رپورٹ میں ان حالات کا بھی ذکر کریگی جن میں پولیس پراپرٹیز کو نقصان پہنچا۔
دھرنا/ رپورٹ
راولپنڈی دھرنا: مظاہرین نے پولیس سے آنسوگیس گنز‘ شیل اور دستی بم چھینے
Dec 05, 2017