اسلام آباد (آئی این پی)سعودی سفارتخانے نے حجاج کرام اور عمرہ زائرین کے لئے بائیو میٹرک سسٹم کو یکم جنوری 2018ءتک موخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعتماد کمپنی کے استعداد کار کی بہتری تک اس عمل کو موخر کیا جاتا ہے، مملکت سعودی عرب پاکستانی عوام کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس کی بھلائی کو ہر چیز پر مقدم رکھتی ہے۔ گزشتہ روز سفارتخانے کے میڈیا سیکشن سے جاری بیان کے مطابق سعودی ایمبیسی اسلام آباد اس امر کی وضاحت کرتی ہے کہ سعودی عرب پاکستانی عوام کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس کی بھلائی ہر چیز پر مقدم ہے۔ بیان کے مطابق ایمبیسی اس امر کی بھی یقین دہانی کراتی ہے کو سعودی عرب کی قیادت اس مسئلے میں پاکستانی عوام کی عظیم بھلائی اور سہولیات کو بہم پہنچانے میں ہمہ تن کوشاں ہے اور حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو ہر موقع پر آرام اور آسانیاں بہم پہنچانے میں پوری طرح مصروف عمل ہے ۔ بنابریں بائیو میٹرک سسٹم کو یکم جنوری 2018 تک موخر کیا جاتا ہے تاکہ مذکورہ کمپنی اپنے لئے مزید دفاتر اور اپنی استعداد کار کو مزید بہتر بنا سکے۔
بائیومیٹرک