دھرنوں کے ذریعے قوم کا وقت برباد کرنے والوں کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے:شہبازشریف

Dec 05, 2017 | 20:26

ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم نے عوام کی خدمت عبادت سمجھ کر کی ہے جبکہ ملک وقوم کی خوشحالی کے دشمنوں نے ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن ہماری حکومت نے ترقی کے مخالفین کی پرواہ کئے بغیر عوام کی خدمت جاری رکھی ہے اورآئندہ بھی عوامی خدمت کے سفر کو جاری و ساری رکھیں گے۔ دھرنوں کے ذریعے قوم کا وقت برباد کرنے والوں کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔ تبدیلی کے کھوکھلے نعرے لگانے والوں کو عوام کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی۔ ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا کیا عوام کی خدمت ہے؟عوام کی خدمت سے عاری عناصر نے اپنا تمام وقت الزام تراشی اور جھوٹ بولنے پر صرف کیا۔ باشعور عوام 2018 کے انتخابات میں دھرنا دینے والوں کی منفی سیاست کا ایک بار پھر دھڑن تختہ کردیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ عوام کو صحت، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کی جدید سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اورتمام وسائل عوام کو ریلیف کی فراہمی کے منصوبوں پرصرف کیے جارہے ہیں۔متوازن ترقیاتی حکمت عملی کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ جنوبی پنجاب کے عوام کو صحت کی جدید و معیاری سہولتوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ صوبائی دارالحکومت میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ بنایا جا رہا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے گردے اور جگر کے امراض کے علاج کیلئے جدید ترین طبی سہولتیں میسر آئیں گی اور یہ جنوبی ایشیا میں طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے ایک منفرد اور جدید ادارہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ بیجنگ انڈرپاس عوام کو سہولتوں کی فراہمی میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس انڈرپاس سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے اورشہریوں کے قیمتی وقت کی بچت ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں اور صحت، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے منصوبے معیار اور شفافیت میں اپنی مثال آپ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مخالفین کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں جبکہ ہمارے عملی اقدامات عوام دوستی کا منہ بولتا شاہکار ہیں۔ مخالفین کی رکاوٹوں کے باوجود عوام کی ترقی و خوشحالی کے مینار قائم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی فلاح و بہبود کے مشن کو تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں اورقومی وسائل امانت سمجھتے ہوئے عام آدمی کی ترقی اور فلاح پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ہماری اولین ترجیح صرف اور صرف ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے اورمسلم لیگ (ن) کا ہر دور عوامی خدمت سے مزین ہے۔ خدمت کی بدولت ہی عوام نے مسلم لیگ (ن) کو پذیرائی بخشی ہے جو ہمارے لئے سب سے بڑا اعزاز ہے اورعوام کی خدمت ہی مسلم لیگ (ن) کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہاکہ ورثے میں ملنے والی بیمار معیشت کی بحالی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا بے مثال کارنامہ ہے اورملک پر برسوں سے چھائے اندھیروں کا مٹ جانا بھی مسلم لیگ (ن) کی جدوجہد کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں بھی شفافیت، دیانت اور خدمت کی سیاست ہی کامیاب ہوگی۔

مزیدخبریں