لاہور (خصوصی نامہ نگار/خبر نگار/سپیشل رپورٹر) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پرائیویٹ ممبر ڈے پرسموگ سے بچائو کیلئے اقدامات، دیہی علاقوں میں ٹائلٹ کی سہولت،بھکاریوں کیلئے روزگار کے مواقعے، پنجاب اسمبلی میں محفل میلاد پر خراج تحسین اور میٹھے پانی کی فراہمی سے متعلق پانچ قراردادیں کثرت رائے سے منظورکر لی گئیں جبکہ حکومت نے غیر قانونی آڑتیوں کیخلاف فوری قانون لانے کا اعلان کیا اور اپوزیشن رکن وارث کلو نے شہباز شریف کے چیک اپ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا،وقفہ سوالات کے دوران مراد راس اور ملک ارشد کے درمیان نوک جھونک ہوئی ،غیر سرکاری ارکان کے دن پر مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی قرارداد سموگ سے بچائو کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے ،راجہ یاور کمال کی قرارداد پنجاب بھر کے دیہی عوام کیلئے ٹائلٹ کی سہولت مہیا کرنے ،زہراء نقوی کی قرارداد بھکاریوں کیلئے روزگار کے مواقعے پیدا کرنے ،ساجد بھٹی کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں عید میلاد النبی ﷺ منعقد کرانے پر سپیکر پرویز الٰہی کو خراج تحسین پیش کرنے اور سید یاور عباس کی پنجاب کے عوام کو میٹھا پانی فراہم کرنے کی قراردادیں کثرت رائے سے منظور کرلی گئی،لیگی رکن میاں نصیر کے ضمنی سوال پر صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال نے بتایا شہباز شریف کے دور حکومت میں کسانوں کیلئے کچھ اچھے اقدامات بھی کیے گئے ہیں جن کی تعریف کرتے ہیں ،شہباز شریف نے کسانوں کو مفت موبائل ،فصل کی انشورنس،مفت بیچ،پانچ ہزار فی ایکڑ سبسڈی ،کپاس پر گلابی سنڈی کے خاتمے کیلئے اقدام کیے جس پر اپوزیشن ارکان نے ڈیسک بجائے ۔وقفہ سوالات کے دوران لیگی رکن ملک ارشد ضمنی سوال کررہے تھے کہ ان کا موبائل فون بجنا شروع ہو گیا صوبائی وزیر مرادراس نے ڈپٹی سپیکر سے کہا ان کا موبائل چھین لیں جس کے جواب میں ملک ارشد نے کہا ’’ہن وی رجے نی جے ‘‘ حکومت بھی مل گئی اور ابھی بھی ہماری چیزوں پر ہی نظریں ہیں۔ایجنڈا مکمل ہونے پر ڈپٹی سپیکر نے اجلاس آج صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔