کراچی اورپشاورکےدرمیان نئی پٹڑی جلدبچھائی جائیگی,تمام ریلوےاسٹیشنوں پر وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائےگی: وزیرریلوے شیخ رشید

ریلوے کے وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی اور پشاور کے درمیان ایک ہزار سات سو کلو میٹر سے زائد طویل نئی پٹڑی جلد بچھائی جائیگی جس پر ٹرینوں کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ آج ریلوے ہسپتال راولپنڈی میں آپریشن تھیڑ کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے راولپنڈی اورکراچی کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہوکر صرف آٹھ گھنٹے رہ جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر جہلم اور گوجر خان کے درمیان موڑ ختم کردیئے جائیں گے تو راولپنڈی اور لاہور کا فاصلہ کم ہو کر تین گھنٹے تک محدود ہو جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ ملک بھر کے تمام ریلوے اسٹیشنوں پر وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی اور انجنوں پر ٹریکرز نصب کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے تمام ٹرینوں کی مرمت کی جائے گی۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ پشاور اورکراچی کے درمیان رحمان با با ایکسپریس اس ماہ کی 23 تاریخ کو شروع کی جائے گی اوراس کا کرایہ ایک ہزار 350 روپے ہوگا۔ وفاقی وزیر نے ایک سال میں ریلوے کا منافع 10 ارب تک بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت ریلوے کے ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے منصوبے شروع کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں نالہ لئی ایکسپریس کا رابطہ کار نامزد کیا ہے اور وہ راولپنڈی کے مکینوںکی خدمت کے لئے بھرپور کوششیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر کام اگلے سال کے آغاز تک شروع ہونے کا امکان ہے۔

ای پیپر دی نیشن