لاہور (کلچرل رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل میں دوسری الحمرا نیشنل ایگزی بیشن جاری ہے۔گزشتہ روز کنئیرڈ کالج کی طالبات کے 35رکنی وفد نے دوسری الحمر ا نیشنل ایگزی بیشن دیکھی ۔طالبات نے نمائش دیکھنے کے بعد اپنے تاثرات میں کہا کہ نمائش میں نامور مصوروں کے ساتھ ساتھ نوجوا ن آرٹسٹوں کا کام آویزاں کئے جانے سے ان نئی نسل کے مصوروں کی حوصلہ افزائی ہوگی،ہمیں بھی اس نمائش میں آویزاں فن پارے دیکھ کر اپنے کام میں مزید نکھار پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔وفد کی سربراہ مس فاطمہ نے اس موقع پر کہا کہ نمائش میں رکھے گئے فن پارے نوجوان مصوروں کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے میں معاون ثابت ہورہے ہیں۔ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الحمرا فنون لطیفہ کی ترویج و ترقی میں شب و روز مصروف عمل ہے،نمائش میں آرٹسٹوں کامثالی کام رکھا گیا ہے جسے بے حد سراہا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سال بھر نوجوان آرٹسٹ اس نمائش کا انتظار کرتے ہیں ،الحمرا کی ٹیم اس نمائش کی کامیابی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتی۔پاکستان بھر سے 145مصوروں کے 250فن پارے نمائش میں آویزاں کئے گئے ہیں جو دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔دوسری الحمرا نیشنل ایگزی بیشن 08دسمبر 2019تک جاری رہے گی۔ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نمائش دیکھنے الحمرا آرٹ گیلری کا رخ کر رہے ہیں ۔
الحمرا فنون لطیفہ کی ترویج و ترقی میں مصروف عمل ہے:اطہرعلی خان
Dec 05, 2019