ایف بی آر کسٹمز ریجن نارتھ کی وصولیوں میں16فیصد اضافہ

کراچی(کامرس رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے کسٹمز ریجن (نارتھ)نے نومبر 2019 کے دوران کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 16 فیصد زائد وصولیاں کی ہیں۔رواں سال نومبر میں کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 2173 ملین روپے کی وصولی ہوئی جبکہ نومبر 2018 کے دوران محصولات کا حجم 1876 ملین روپے رہا تھا۔ کسٹمز کے اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2019 کے دوران سیلز ٹیکس کی مد میں 2485 ملین روپے کے محصولات اکھٹے ہوئے ہیں جبکہ نومبر 2018 میں سیلز ٹیکس محصولات کا حجم 1779 ملین روپے رہا تھا۔ اس طرح نومبر 2018 کے مقابلے میں نومبر 2019کے دوران سیلز ٹیکس محصولات میں 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق کسٹمز ریجن نارتھ نے نومبر 2019 کے دوران ٹیکس وصولیوں کے ہدف سے 7 فیصد زیادہ وصولیاں کی ہیں،اس دوران 5916 ملین روپے کے محصولات اکھٹے ہوئے ہیں جبکہ نومبر 2019 کیلئے محصولات کا ہدف 5530 ملین روپے تھا۔ دوسری جانب نومبر 2018 کے دوران 4620 ملین روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئی تھیں۔اس طرح نومبر 2018کے مقابلے میں نومبر 2019کے دوران کسٹمز ریجن نارتھ نے 1296 ملین زیادہ ٹیکس وصولیاں کی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن