اسلام آباد‘لاہور (چودھری اعظم گل ‘وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج مسٹر جسٹس گلزار احمد کا بطور نئے چیف جسٹس آف پاکستان کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ مسٹر جسٹس گلزار احمد 21 دسمبر 2019ء کو بطور چیف جسٹس آف پاکستان اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ اور یکم فروری 2022ء تک چیف جسٹس آف پاکستان رہیں گے۔ موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس آصف سعید کھوسہ رواں ماہ 20 دسمبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ وزارت قانون نے جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔ جسٹس گلزار احمد چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بعد سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج ہیں۔ جسٹس گلزار احمد 2 فروری 1957 کو کراچی کے نامور وکیل نور محمد کے گھر میں پیدا ہوئے۔ کراچی کے ایس ایم لا کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور 18 جنوری 1986ء کو بطور وکیل اپنے پیشے کا آغاز کیا جبکہ چار اپریل 1988 کو ہائیکورٹ کی وکالت شروع کی جبکہ 15ستمبر 2001 کو بطور وکیل سپریم کورٹ اپنے کام کا آغاز کیا۔ جسٹس گلزار احمد نے 27 اگست 2002 کو بطور جج سندھ ہائی کورٹ اپنے عہدے کا حلف لیا تھا جس کے بعد 14 فروری 2011 کو سندھ ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج بنے، جبکہ 16 نومبر 2011 کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں بطور جج حلف اٹھایا۔ جسٹس گلزار احمد این ای ڈی یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنر کے ممبر بھی رہے۔ جسٹس گلزار احمد 20 نومبر 2018 سے 28 نومبر 2018 تک اور 13 مئی 2019 سے 17 مئی 2019 کے دوران بھی بطور قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان رہے۔