اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی‘نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے آپ بیتی سنائی ہے۔ فیصلہ جب تک نہیں آتا آپ ملزم ٹھہریں گے۔ آپ کو حمایت ملی ہے، بے گناہی کا سرٹیفکیٹ نہیں ملا۔ یہ کیس احتساب عدالت میں زیرسماعت ہے۔ آپ کی خوشیاں ماند پڑجائیں گی۔ شہباز شریف نے نیب نیازی گٹھ جوڑ کہا۔ عمران خان فخر سے کہتے ہیں کہ نیازی میرا قبیلہ ہے۔ شہباز شریف آپ بھی اپنا حسب و نسب قوم کو بتا دیں۔ آپ اپنے ساتھ میاں لکھتے ہیں یہ لقب ہے‘ ذات ہے یا شوقیہ خطاب ہے۔ ورنہ آپ کا تعارف کرانے کی ذمہ داری مجھے انجام دینی پڑیگی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ضرور جائیں گے مگر 4 سال بعد اور عوام دوبارہ عمران خان کو منتخب کریں گے، عدالت نے زرداری کی صحت سے متعلق ہی فیصلہ کرنا ہے، شریف خاندان نے منی لانڈرنگ نہیں کی تو واپس آکر جواب دیں، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے قانون سازی نئے پاکستان میں نئے دور کا آغاز ہے، یہ خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ بدقسمتی ہے، عوام نے جن کو رہبرسمجھا وہ راہزن ثابت ہوئے، شریف خاندان نے منی لانڈرنگ نہیں کی تو واپس آکرجواب دیں، شریف خاندان تعاون نہیں کریگا تو نیب قانون کے مطابق فیصلے کرے گا۔ طاقتور اورکمزور سب پر ایک قانون لاگوہوگا، بلاول بھٹوکا بیان غیرجمہوری اور غیرپارلیمانی ہے۔ آصف زرداری پاکستان کے قانون کے مجرم ہیں۔ عدالت نے زرداری کی صحت سے متعلق ہی فیصلہ کرنا ہے۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیراعظم ضرور جائیں گے مگر 4سال بعد، چار سال بعد بھی ٹی ٹی، فالودے والے، جعلی اکائونٹس والوں کو عوام مسترد کریں گے اور وزیراعظم عمران خان کو 4سال بعد بھی عوام دوبارہ منتخب کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی وسائل پرڈاکہ ڈالنے پرآصف زرداری عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق نے کہا انفورسمنٹ آف ویمن پراپرٹی رائٹس آرڈیننس میں ترمیم کی کابینہ سے توثیق وزیراعظم عمران خان کے خواتین کو بااختیار اور جائیداد میں حصہ دار بنانے کے عزم کی تکمیل کی جانب ایک عملی قدم ہے۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے قانون سازی وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان میں نئے دور کا آغاز ہے، یہ خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف نے جس ڈھٹائی کے ساتھ قوم کی آنکھوں میں مرچیں ڈالنے کی کوشش کی وہ قابل مذمت ہے۔ شہبازشریف جس بھائی کے علاج کیلئے گئے تھے ان کی صحت کے حوالے سے دو لفظ نہیں بتائے۔ نیشنل کرائم ایجنسی یوکے کی پریس ریلیز عکاسی کر رہی ہے کہ ایک پاکستانی خاندان سے 38ارب 50کروڑ کی ریکوری ہوئی ہے، عوام کو مبارک ہو، عمران خان نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، قوم کو اور بھی ایسی خوشخبریاں ملتی رہیں گے۔ پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کی درخواست پر فیصلہ ہوا ہے کہ ممبران الیکشن کمشن اور چیف الیکشن کمشن کی تعیناتی کے حوالے سے ایک ہی وقت میں ناموں کا اعلان کیا جائے۔ اپوزیشن کے کہنے پر ایک ہفتے کا وقت رکھا گیا۔ رہبر کمیٹی کے ارکان سپریم کورٹ چلے گئے، کیا پیچھے بدنیتی تو شامل نہیں۔ بلوچستان سے نوید جان بلوچ کے حوالے سے اتفاق رائے ہوا جس نام پر اتفاق ہوا اپوزیشن نے اس نام کو بھی ایک ہفتے کیلئے مؤخر کیا۔ چاہتے ہیں کہ الیکشن کمشن غیرفعال نہ ہو۔ دیکھتے ہیں عدالت اس حوالے سے کیا فیصلہ کرتی ہے۔ عمران خان کسی سے ذاتی انتقام نہیں لیتے جہاں ریاست کا مفاد آتا ہے ریاست اور سیاست کو الگ کرکے دیکھیں۔ ملکی فضائیں اپوزیشن لیڈر کی متلاشی ہیں۔ شہبازشریف سمجھتے ہیں انہیں جنت جانے کا پروانہ مل گیا۔ نیب نے جو جائیدادیں سیل کیں شہبازشریف وہ بھول گئے۔ شہبازشریف بتائیں علی عمران اور اسحاق ڈار لندن میں کیا کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے وزراء بھی نیب کیسز کا سامنا کر رہے ہیں۔ قوم کی لوٹی دولت واپس لانا عمران خان کا ایجنڈا ہے۔