ماضی کی طرح باتیں نہیں عملی اقدامات کرتے ہیں، ناجائز منافع خوروں کی جگہ جیل ہے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید تنویر سہیل شاہ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔عثمان بزدار کی مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میں خود وکیل ہوں اور وکلاء کے مسائل بخوبی جانتا ہوں۔ پنجاب کی بار ایسوسی ایشنزکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔ ماضی کی طرح باتیں نہیں، عملی اقدام کرتے ہیں۔ وکلاء برادری کی مثبت تجاویزکا خیر مقدم کریں گے۔ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء برادری پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ وکلاء برادری نے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور آزاد عدلیہ کی بحالی کیلئے وکلاء برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ عثمان بزدارنے شوگرملوں کی جانب سے گنے کی کرشنگ بند کرنے کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکرٹری خوراک اورکین کمشنرسے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ شوگر ملوں کو فی الفورکرشنگ شروع کرنے کا پابند بنایا جائے کیونکہ سیزن کے آغاز پرملوں کی جانب سے گنے کی کرشنگ بند کرنے کا کوئی جواز نہیں۔کسی کو کسان کا حق نہیں مارنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گنے کے وزن میں کٹوتی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ کسان میرے بھائی ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ میری ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے انٹرنیشنل والنٹیئرزڈے کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ رضاکارانہ خدمات سر انجام دینے والے لوگ معاشرے کیلئے مثالی حیثیت رکھتے ہیں۔رضاکار بغیر مالی منافع کی توقع کے سچے جذبے کیساتھ کام کرتے ہیں اور والنٹیئرز ثقافت، زبان اور جغرافیائی حدود سے ماورا ہو کر انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار رہتے ہیں۔عثمان بزدارنے سیالکوٹ کے علاقے میں وکیل سجاد حسین کے قتل کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آرپی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ عثمان بزدارنے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نا جائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز کسی نرمی کے مستحق نہیں -ناجائز منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کی جگہ جیل ہے،ان سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔وزیراعلیٰ نے صوبائی پرائس کنٹرول ٹاسک فورس کو ہدایت کی کہ ناجائز منافع کے نام پر عوام کو لوٹنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ مصنوعی مہنگائی پیدا کرکے صارف کی جیب پرڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...