کوئی سیاستدان ایسا نہیں جو فوج کی نرسریوں سے پل کر جوان نہیں ہو ا: شیخ رشید

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی ایک سیاست دان بھی ایسا نہیں جو فوج کی نرسریوں سے پل کر جوان نہیں ہوا ،سیاستدان ان آوارہ بطخوں کا نام ہے جو فوج کے گھونسلوں میں انڈے دے کر جوان ہوئے،فروغ نسیم کیخلاف غلط پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،ملک کی تینوں بڑی جماعتوں کی غیر ملکی فنڈنگ چیک کی جائے، مسلم لیگ (ن)برے طریقے سے پھنسے گی ،ممکن ہے آصف زرداری کے ساتھ پلی بارگین کی پیکج ڈیل ہوجائے،نواز شریف اگر مجرم ہونے کے باوجود بیرون ملک جاسکتے ہیں تو آصف زرداری کے خلاف کیس کا ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔ ایک انٹرویو میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ میں پرویز مشرف کو غدار اور کرپٹ نہیں سمجھتا، اگر یہ دیکھنا ہے کہ کس کس نے غیر آئینی کام کیے تو پھر ایسے لوگوں کی ایک قطار ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ کہ ان کا ادارہ کیس کا فیصلہ رکوانے میں کوئی کردار ادا کر رہا ہے یا نہیں لیکن اسے کرنا چاہیے، فوج کا ایک نظام ہے اور یہ سیاست نہیں ہے۔آرمی چیف کی مدت ملازت میں توسیع اور عدالتی معاملے پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ فروغ نسیم کا اس میں کوئی قصور نہیں ہے، ان کے خلاف سب غلط پروپیگنڈا کر رہے ہیں، باقی اگر کسی اور کا اس میں ہاتھ ہو تو مجھے اس کا عمل نہیں۔الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری سے متعلق انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان سے کمیشن کے اراکین کے ناموں پر اتفاق ہوگیا ہے۔اپوزیشن کی جانب سے غیر ملکی فنڈنگ کیس پر لگائے جانے والے الزامات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس کیس میں مسلم لیگ (ن) پھنسے گی اور برے طریقے سے پھنسے گی، میرا مطالبہ ہے کہ ملک کی تینوں بڑی جماعتوں کی غیر ملکی فنڈنگ چیک کی جائے۔سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت کی درخواست کے حوالے سے کہا کہ 'آصف زرداری ابھی ملزم ہے مجرم نہیں، نواز شریف تو مجرم ہیں جبکہ شہباز شریف کے اگلے 10 سے 15 روز میں اس سے بھی بڑے کھاتے سامنے آنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ رواں سال کے آخر تک آصف زرداری، فریال تالپور شرجیل میمن، مراد علی شاہ، آغا سراج درانی اور اعجاز کھترانی کے ساتھ پلی بارگین کی پیکج ڈیل بھی ہوجائے لیکن خورشید شاہ کا مسئلہ مختلف ہے۔

ای پیپر دی نیشن