کراچی(اے پی پی) وزیربلدیات سندھ وچیئرمین واٹربورڈ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے تعاون سے واٹربورڈ کے شہریوں کو اضافی پانی کی فراہمی کے منصوبہ 100ایم جی ڈی کا افتتاح جلد کیا جائے گا، حکومت سندھ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات اور ان کے کراچی کے باشندوں سے کئے گئے وعدہ کوپورا کرنے کیلئے کراچی کو پانی کی فراہمی کی مختلف اسکیمیں شروع کی ہیں، واٹربورڈ کی نجکاری کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور نہ ہی کے فور منصوبہ کو بند کیا جارہا ہے یہ صرف افواہیں اور سندھ حکومت کے خلاف سازش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کراچی کو اضافی پانی کی فراہمی کے جاری منصوبہ کے معائنہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ کا 100ایم جی ڈی پروجیکٹ کراچی کو پانی کی فراہمی کا اہم منصوبہ ہے ،اس کی ٹیسٹ ٹرانسمیشن شروع ہوچکی ہے، بہت جلد اس منصوبہ کا افتتاح کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت دھابیجی کے پرانے اور قدیم پمپس کی جگہ نئے پمپس سے پانی کی فراہمی سے کراچی میں قلت آب میں کمی آئے گی، کراچی کو فراہم کیئے جانے والے پانی میں40سے 45ملین گیلن یومیہ اضافہ ہوگا اس اضافہ سے جن علاقوں میں پانی کی شدید قلت تھی ان کے مکینوں کوفائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو پانی کی فراہمی میں بہتری پیپلز پارٹی کے منشور میں شامل ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کراچی کے شہریوں سے پانی کی فراہمی کا وعدہ بھی کیا تھا اس سلسلے میں حکومت سندھ کے کئی منصوبہ جاری ہیں، حب سے کراچی کو پانی کی فراہمی میں بہتری واضافہ اورہالیجی سے پانی کی فراہمی کا منصوبہ شامل ہے جبکہ کے فور منصوبہ پر تیزی سے کام جاری ہے، افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ کے فور کو بند کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے فورکے فیز ون کو ہرصورت مکمل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہم ڈی سیلینیشن کی طرف بھی جارہے ہیں، سیوریج واٹرکی ٹریٹمنٹ کے منصوبہ پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر سندھ حکومت کے خلاف سازش کے طور پر واٹربورڈ کی نجکاری کی افواہیں پھیلارہے ہیں، میں واضح طور پر اعلان کرتا ہوں کہ واٹربورڈ کی نجکاری نہیں کی جائے گی، یہ جس طرح کام کررہا ہے ویسے ہی کام کرتا رہے گا۔ قبل ازیں ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے صوبائی وزیر و چیئرمین واٹربورڈ ناصر حسین شاہ واٹربورڈ پانی کی کمیابی اور دیگر مسائل کے باوجود شہریوں کو سال کے 365دن پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی سہولیا ت فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر کو 100ایم جی ڈی منصوبہ کے مختلف حصوں سمیت دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تمام فیزز کا مکمل دررہ کرایا اور جاری کام کی بابت آگاہی فراہم کی۔
کراچی کو پانی کی فراہمی منشور میں شامل ، واٹر بورڈ کی نجکاری نہیں ہوگی: وزیربلدیات
Dec 05, 2019