اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) جنوبی کوریا کی کمپنی ملٹی موٹیو کر یئشن کے ایک وفد نے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو یوحی جانگ کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور کہا کہ جنوبی کوریا کی کمپنیاں پاکستان میں ہوٹل، شاپنگ مال، ہائی رائز بلڈنگز کی تعمیر، شمسی توانائی، الیکٹرک کار اور دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ یوحی جانگ نے کہا کہ جنوبی کوریا کی ایک کمپنی نے دبئی میں برج خلیفہ اور ملائشیاء میں پیٹرناس ٹاور تعمیر کیا ہے جبکہ جنوبی کوریا کی کمپنیاں جدید طرز تعمیر کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں لہذا وہ پاکستان میں تعمیراتی شعبے سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں جو کاروبار کیلئے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی کمپنیاں پاکستان میں الیکٹرک کار، شمسی توانائی اور ہیلتھ کیئر سمیت دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی کوریا کی کمپنیاں جدید ٹیکنالوجی منتقل کر کے پاکستان میں سمارٹ طرز تعمیر کو فروغ دینے کی کوشش کریں جس سے تعمیراتی لاگت کم ہو گی اور بجلی کی بچت بھی ہو گی۔
جنوبی کوریا کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں : یوحی جانگ
Dec 05, 2019