برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے قریب منعقدہ نیٹو سربراہی اجلاس میں رہنماﺅں کے درمیان ہونے والی غیر رسمی گفتگو وائرل ہوگئی جس پر امریکی صدر نے جسٹن ٹروڈو کو تنقید کا نشانہ بنایا۔امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیمرے میں محفوظ اپنے ہمسایہ ملک کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی ان کے حوالے سے گفتگو پر تنقید کی اور انہیں بہروپیا قرار دیا۔ٹرڈو کو بکنگھم پیلس میں نیٹو رہنماﺅں کو دئیے گئے عشایے کے دوران فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن، نیدرلینڈز کے وزیراعظم مارک روٹ اور ملکہ برطانیہ کی بیٹی اینی کے درمیان کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔وائرل ویڈیو میں بورس جانسن، فرانسیسی صدر سے دیر کرنے کی وجہ پوچھتے ہیں تو ٹروڈو کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ میکرون کو دیر اس لیے ہوئی کیونکہ وہ 40 منٹ سے پریس کانفرنس کررہے تھے۔رپورٹ کے مطابق ٹروڈو نے تصدیق کردی کہ اس گفتگو کا حوالہ ڈونلڈ ٹرمپ کا طے شدہ پروگرام کے بغیر بڑی دیر تک صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دینے اور میڈیا سے طویل گفتگو کی طرف تھا۔ٹروڈو کا کہنا تھا کہ آپ نے دیکھا ہوگا کہ ان کی ٹیم نیچے دیکھ رہی تھی اور وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرمپ کی جانب سے کیمپ ڈیوڈ میں گروپ آف سیون سے اگلی ملاقات کے فیصلے کا حوالہ تھا۔رپورٹ کے مطابق نیٹو رہنماﺅں کے عشایے کے دوران ہونے یہ گفتگو پول کے قریب نصب کیمرے میں ریکارڈ ہوئی تھی اور اس کو کینیڈا کے نشریاتی ادارے سی بی سی نے نشر کیا اور اس کو فوری طور پر 50 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے لندن میں اجلاس کے مقام کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹروڈو ممکنہ طور پر اپ سیٹ تھے کہ امریکا، کینیڈا کی نیٹو کے اہداف پر پورا اترنے میں ناکامی کو سامنے لایا تھا کیونکہ وہ دفاعی پیداوار پر 2 فیصد نیٹو ہدف سے پیچھے ہے۔امریکی صدر نے کینیڈا کے وزیراعظم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہروپیا ہے، ٹروڈو اچھے انسان ہیں، میں نے ان کو اچھا انسان پایا لیکن حقیقت آپ جانتے ہیں کہ جو کچھ میں نے کہا وہ حقیقت ہے، وہ دو فیصد خرچ نہیں کرتے اور میرا خیال ہے وہ اس حوالے سے زیادہ خوش نہیں ہیں۔بعد ازاں ٹروڈو نے ڈونلڈ ٹرمپ سے زیادہ گفتگو نہیں کی صرف ہاتھ ملایا اور واقعے کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی۔ٹروڈو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ ہمارے بہت اچھے اور تعمیری تعلقات ہیں، میرے اور صدر ٹرمپ کے درمیان اچھا تعلق ہے۔