معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف پہلے اپنی پارٹی میں ان ہاوس تبدیلی لائیں، وہ اپنی پارٹی کے بعد پارلیمان میں تبدیلی کی بات کریں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف لیکن فیصلے کوئی اور کرتا ہے، وہ پہلے اپنی پارٹی کے حقیقی صدر تو بن جائیں، ان ہاوس تبدیلی کا بیان خواب میں چھیچھڑے کے مترادف ہے، ان حسرتوں کیلئے ان سے ہمدردی ہی کی جاسکتی ہے۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا ان ہاوس تبدیلی کی شوبازی نہ کریں، پارلیمان میں آکر قانون سازی کی ذمہ داری پوری کریں، شہباز شریف چیئرمین سینیٹ تبدیلی کے معاملے پر ہزیمت کو بھول گئے، بلاول اور مولانا بھی پارلیمان کی بالادستی کے دعووں پر عمل کریں، قانون سازی سے متعلق اپنی جماعتوں کو یرغمال نہ بنائیں۔ان حسرتوں کے لئے ان سے ہمدردی ہی کی جاسکتی ہے، ان ہاوس تبدیلی کی شوبازی نہ کریں بلکہ پارلیمان میں آکر قانون سازی کی ذمہ داری پوری کریں۔