چین سفارتخانے کی پاکستانی دلہنوں کی فروخت کی تردید

Dec 05, 2019 | 13:12

ویب ڈیسک

 چینی سفارتخانے نے پاکستانی دلہنوں کی فروخت کی تردید کردی۔امریکی نیوز ایجنسی کی 629 پاکستانی لڑکیوں کو دلہن کے طور پر چین کو فروخت سے متعلق خبر پر پاکستان میں چینی سفارتخانے کے ترجمان نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے مذکورہ میڈیا رپورٹ کو دیکھاہے، یہ وہی پرانی چیزیں ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔ترجمان چینی سفارت خانہ نے کہا کہ بین الاقوامی شادی کے معاملے پر اپنی واضح حیثیت کا اعادہ کرنا چاہتے ہیں کہ چینی حکومت جائز شادیوں کا تحفظ کرے گی، لیکن اگر کوئی تنظیم یا فرد بین الاقوامی شادی کی آڑ لے کر پاکستان میں کوئی جرم کرتا ہے تو چین پاکستانی قوانین کے مطابق اس کے خلاف کریک ڈاون کی حمایت کرتا ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ چین کی وزارت عوامی تحفظ نے معاملے کی تحقیقات کی جس کے مطابق جو پاکستانی خواتین چینیوں کے ساتھ شادی کے بعد چین میں رہتی ہیں، ان کے ساتھ جبری جسم فروشی یا انسانی اعضاکی فروخت کا واقعہ نہیں ہوا، دونوں ممالک کی حکومتوں کی مشترکہ کاوشوں کے تحت غیر قانونی طور پر شادیوں کی سرگرمیوں کو موثر انداز میں روک دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں