پاکستان سمیت دنیا بھر میں رضاکاروں کا عالمی دن جمعرات کے روز بھر پور طریقے سے منایاگیا۔ اس باررضا کاروں کے عالمی دن کا عنوان اقتصادی و سماجی ترقی میں رضا کاروں کا کردارتھا۔ اس موقع پرمختلف سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں اور رضا کار آر گنائزیشنز کے زیر اہتمام صوبائی دارالحکومت سمیت ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی تقریبات ، سیمینارز ، کانفرنسز ،واکس کا بھی انعقاد کیا گیا جس سے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے خطاب کیا۔اس موقع پر رضا کاروں کے عوامی ، سماجی زندگی میں مثالی کردار ، قدرتی آفات ، ناگہانی واقعات میں ان کی خدمات اور معاشی و اقتصادی ترقی میں ان کے توسط سے مثبت پیش رفت پر بھی اظہار خیال کیا گیا۔ رضاکاروں کے عالمی دن کے حوالے سے سرکاری و غیر سرکاری اداروں ، متعلقہ تنظیموں ، این جی اوز کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حکومت اور عوام رضاکاروں کے مشن میں تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رضاکار زندگی کے تمام شعبوں میں بے لوث خدمات فراہم کرتے ہیں لیکن جب تک قوم ان کا مکمل ساتھ نہیں دے گی ان کا مشن پورا نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہاکہ مشکل حالات کاشکار انسانیت کی خدمت ہمارا مذہبی فریضہ ہے جبکہ حکومت اور عوام بھی رضاکارانہ خدمت کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پورے عزم اور جذبے سے خدمات کا سلسلہ جاری رکھنے کے عہد کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے رضاکاروں کو اپنے مکمل تعاون کا بھی یقین دلایا۔رضا کاروں کے عالمی دن کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا نے خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا نے بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا ۔