سعودی عرب کی روڈٹومکہ سہولت کو اسلام آباد کےعلاوہ دوسرے شہروں تک توسیع دینےکی یقین دہانی

Dec 05, 2019 | 21:44

ویب ڈیسک

 سعودی عرب کے حکام نے پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ آئندہ سال حج کےلئے روڈ ٹو مکہ سہولت کو اسلام آباد کےعلاوہ دوسرے شہروں تک توسیع دینے کےلئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔

 ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزارت مذہبی  امور کے ترجمان عمران صدیقی نے کہا کہ اسلام آباد میں روڈ ٹو مکہ کا آزمائشی منصوبہ انتہائی کامیاب رہا۔

 انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کے وزیر برائے حج نے گزشتہ روز مذہبی امور کے وزیر نور الحق قادری کے ساتھ ملاقات میں وفاقی دارالحکومت میں روڈ ٹو مکہ منصوبے پرکامیاب اور خوش اسلوبی سے عملدرآمد کو سراہا۔

عمران صدیقی نے کہاکہ پاکستان نے سعودی عرب کے حکام کو یہ سہولت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور تک توسیع دینے کی درخواست کی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ان شہروں تک اس سہولت کو توسیع دینے سے پاکستان کو اپنے ملکی ہوائی اڈوں پر 90 سے 99 فیصد عازمین حج کی امیگریشن کا عمل مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔

 ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں پاکستانی عازمین حج کی طرف سے خوراک اور نقل وحمل سے متعلق شکایات کے بروقت ازالے کےلئے ایک کمیٹی بھی قائم کی ہے۔

مزیدخبریں